اندور ،7ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں ان کسانوں کی مبینہ بدحالی کو لے کر کانگریس صدر راہل گاندھی کے الزامات پر ردعمل دینے سے انکار کرتے ہوئے وزیرزراعت گجیندر سنگھ شیخاوت نے اتوار کو کہا کہ راہل کھیتی فصل کے بارے میں کچھ بھی نہیں جانتے۔انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی کو بھیڑ اور بکری کے بچے کے درمیان فرق تک نہیں پتہ۔شیخاوت نے ایک پروگرام کے دوران کہا کہ میں خود ایک کسان، کسانوں کا لیڈر اور مرکزی حکومت میں ان کسانوں کی نمائندگی کرتا ہوں۔لہٰذا زرعی شعبے کی حالت اچھی طرح جانتا ہوں۔میرا کسی ایسے شخص کی باتوں پر تبصرہ کرنا مناسب نہیں ہوگا جسے گندم اور دھان کی بالیوں کے درمیان فرق نہیں سمجھ آتا۔جو بھیڑ اور بکری کے بچے کے درمیان فرق بھی نہیں جانتے۔شیخاوت سے راہل کے ان الزامات پر رائے مانگی گئی تھی کہ مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ اور راجستھان جیسے بی جے پی حکومت والی ریاستوں میں کسانوں کی حالت خراب ہے۔مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں نومبر میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں، جبکہ راجستھان میں دسمبر میں اسمبلی انتخابات ہیں۔شیخاوت نے مرکز اور بی جے پی حکومت ریاستی حکومتوں کی مختلف منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کی پارٹی کے راج میں کسانوں کو ان کی پیداوار کی اصل قیمت مل رہی ہے جس سے زرعی شعبے کی حالت مضبوط ہوئی ہے۔